قائم مقام چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے نام کا اعلان کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پیٹرن وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے محسن نقوی کو باضابطہ طور پر پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز میں نامزد کردیا ہے جب کہ پی سی بی آئین کے تحت الیکشن کمشنر شاہ خاور قائم مقام چیئرمین پی سی بی بن گئے ہیں۔

نگران وفاقی وزیر آئی پی سی فواد حسن فواد نے جیو نیوز سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے بی او جی میں بطور پیٹرن نمائندہ نامزد کردیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ محسن نقوی کو ذکا اشرف کی جگہ بی او جی میں نامزد کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے ذکا اشرف کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا ہے، جس کے بعد پی سی بی آئین کے تحت الیکشن کمشنر شاہ خاور قائم مقام چیئرمین پی سی بی بن گئے ہیں۔فواد حسن فواد نے بتایا کہ ان کی شاہ خاور سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بی او جی جلد مکمل کرنے اور الیکشن کا عمل پورا کرنے کی بات کی گئی۔

خیال رہے کہ پی سی بی آئین کے آرٹیکل 7 کی شق 2 کے مطابق چیئرمین کا عہدہ خالی ہوتے ہی تمام اختیارات چیف الیکشن کمشنر کو منتقل ہوجاتے ہیں اور آئینی طور پر وہ چار ہفتوں کے اندر بورڈ کے الیکشن کا عمل مکمل کرنے کے پابند ہوں گے، الیکشن کے بعد منتخب ہونے والے چیئرمین ایک ہفتے کے اندر اپنے عہدے کا چارج سنبھال سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں