ایک اور اہم ترین عہدے پر نئی تقرری کی منظوری دیدی گئی

لاہور (پی این آئی) محسن نقوی کو پی سی بی کا سربراہ تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم کی منظوری کے بعد پنجاب کے نگران وزیر اعلٰی اب پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے چئیرمین بھی ہوں گے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ذکاء اشرف کا پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ منظور کر کے محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کی اب باقاعدہ منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ نگران وزیر اعظم نے محسن نقوی کو پی سی بی بورڈ آف گورنر کا رکن بھی نامزد کردیا، محسن نقوی بورڈ آف گورنرز کے رکن بننے کے بعد چئیرمین پی سی بی کے الیکشن کے اہل ہوں گے۔ نگران وزیر اعظم کی نامزدگی کے بعد نقوی بورڈ آف گورنرز میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین ذکا اشرف کی جگہ لیں گے۔

اس حوال سے جب صحافی نے محسن نقوی سے سوال کیا کہ آپ کو چیئرمین پی سی بی لگایا جا رہا ہے؟ انہوں نے صحافی سے الٹا سوال کیا ” کیا واقعی مجھے چیئرمین پی سی بی لگایا جا رہا ہے؟”۔ یہ کہتے ہوئے انہوں نے سر ہلا کر اپنے چیئرمین پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کا عہدہ قبول کرنے کی تصدیق کی اور کہا کہ کوشش کروں گا کہ کرکٹ کے معاملات کو بھی تیزی سے حل کروں۔ محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ میں اصلاحات بہت ضروری ہیں، ملک کی خدمت کے لیے جو رول ملا اسے پورا کروں گا، اپنی کابینہ میں بھی ایک کرکٹر کو وزیر بنایا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چئیرمین ذکاء اشرف نے 19 جنوری کو اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں