لاہور(پی این آئی )پاکستان کے سابق آل راونڈر شعیب ملک کی ثانیہ مرزا کے ساتھ شادی 13 سال سے زائد عرصہ چلنے کے بعد ختم ہو گئی ہے اور انہوں نے ثناء جاوید کے ساتھ نئے سفر کا آغاز بھی کر لیا ہے لیکن سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ثناء جاوید سے شادی شعیب ملک کی دوسری نہیں بلکہ تیسری شادی ہے انہوں نے پہلی شادی مبینہ طور پر2002 میں ایک بھارتی لڑکی سے کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق شعیب ملک نے جب 2010 میں ثانیہ مرز ا سے شادی کی تو بھارت میں ہنگامہ برپا ہوا اور دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی سابق آل راونڈر نے ثانیہ مرزا سے شادی کیلئے حیدر آباد کی لڑکی عائشہ صدیقہ کو طلاق دی جبکہ بھارتی میڈیا کی جانب سے شعیب ملک کی عائشہ صدیقہ سے مبینہ طور پر 2002 میں ہونے والی شادی کا کوئی ثبوت بھی پیش نہیں کیا گیا ۔اس معاملے پر خود ساختہ بھارتی ناقد کمال راشد خان نے بھی اینٹری ماری اور شعیب ملک کی مبینہ پہلی بیوی عائشہ صدیقہ سے طلاق کی وجہ ثانیہ مرزا کو قرار دیا ۔لیکن وہ بھی شادی کو ثابت کرنے ناکام رہے ۔شعیب ملک نے 2010 میں حیدرآباد میں ٹینس سٹارثانیہ مرزا سے شادی کی جس کے بعد ان کے گھر پہلا بچہ 2018 میں پیدا ہوا جس کا نام انہوں نے اذہان رکھا تاہم بعدازاں یہ بحث شروع ہوئی کہ ان کا بیٹا ملک کہلائے گا یا مرزا جس کا حل جوڑے نے یہ نکالا کہ بیٹے کے نام اذہان کے ساتھ مرزا اور ملک دونوں ہی لگا دیئے۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان اب طلاق کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ پاکستانی سابق آل راونڈر نے زندگی کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستانی معروف اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ شادی کر لی ہے جس کا اعلان انہوں نے انسٹاگرام پر تصویر جاری کرتے ہوئے کیا ۔بتایا گیاہے کہ ثناء جاوید اور شعیب ملک کی شادی چند دن قبل کراچی میں ہوئی اور تقریب میں فیملی کے کسی فرد نے شرکت نہیں کی ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ثناء جاوید نے اپنے انسٹاگرام پر نام تبدیل کرتے ہوئے “ثناء شعیب ملک ” کر دیاہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں