شاہین آفریدی نے بطور کپتان کونسا ریکارڈ اپنے نام کرلیا؟

آکلینڈ(پی این آئی)قومی ٹی ٹونٹی کپتان شاہین آفریدی نے مختصر ترین فارمیٹ میں بطور کپتان مہنگے ترین بائولنگ فگرز کا ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔

شاہین آفریدی نے بطور کپتان اپنے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 46 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جو کسی بھی پاکستانی کپتان کی جانب سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مہنگے ترین بائولنگ فگرز ہیں ۔اس سے قبل یہ ناپسندیدہ ریکارڈ قومی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ محمد حفیظ کے پاس تھا جنہوں نے 2013ء میں سری لنکا کیخلاف دبئی میں بطور کپتان 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لیے 45 رنز دیئے تھے ۔ واضح رہے کہ 5 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 227 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب نے آتے ہی ہٹنگ کی کوشش کی اور سٹریٹ پر باونڈری کے قریب کیچ ڈراپ ہونے پر بال بال بچ گئے لیکن پھر بھی وہ 8 گیندوں پر 27 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے ان کے ساتھ اوپننگ پر آنے والے محمدرضوان 25 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

فخر زمان ہٹ کرنے کی کوشش میں بڑی غلطی کر بیٹھے اور پچ پر ہی باولر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو کر پولین لوٹ گئے ، وہ صرف 15 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے۔ افتحار احمد 17 گیندوں پر 24 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے بہترین انداز میں کھیل پیش کیا اور ٹیم کو جتوانے کی پوری کوشش کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 57 رنز کی اننگ کھیلی لیکن کامیاب نہیں ہو پائے اور کیچ آوٹ ہو گئے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close