ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان، پاکستان کا پہلا ٹاکرا کس کیساتھ ہوگا ؟

ویب ڈیسک (پی این آئی) اس سال ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ہر آئی سی سی ایونٹ کی طرح اس بار بھی پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 4 جون سے 30 جون تک امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا جس میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی جب کہ پہلے راؤنڈ میں 5،5 ٹیمیں چار گروپس میں مقابلہ کریں گی۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ گروپ میں آئرلینڈ ، کینیڈا اور میزبان امریکا بھی شامل ہیں اس لیے پہلے راؤنڈ میں اس گروپ کے زیادہ تر میچز امریکا میں ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 6 جون کو ڈیلیس میں امریکا کے خلاف کھیلے گی، 9 جون کو نیو یارک میں پاکستان اور بھارت کا میچ تجویز ہے جب کہ 11 جون کو پاکستان اور کینیڈا کا میچ نیویارک میں ہی ہوگا، 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ فلوریڈا میں شیڈولڈ ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کی ٹائمنگ اور برصغیر کے ٹائم زون کے فرق کی بنیاد پر یہ میچ ایک روز قبل کرانے کا آپشن بھی موجود ہے۔پہلے راؤنڈ کے میں شریک ہر 4 گروپس میں سے 2 ٹاپ ٹیمیں سپر 8 راؤنڈ میں کوالیفائی کریں گی جہاں انہیں 2گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے فیڈ بیک اور منظوری کیلئے یہ شیڈول بورڈز اور براڈ کاسٹرز کو بھیج دیا ہے اور جلد حتمی شیڈول جاری کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ نیویارک پاکستان کے وقت کے مطابق 10 گھنٹہ پیچھے ہے اور وہاں دوپہر میں شروع ہونیوالا میچ یہاں رات گئے شروع ہوگا جبکہ 9 جون کو اتوار ہے اور اس امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ یہ میچ 8 جون کو رکھ دیا جائے تاکہ اس کی فالوونگ متاثر نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں