چیف سلیکٹر نے قومی ٹی ٹونٹی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا اشارہ دیدیا

لاہور (پی این آئی ) پاکستان کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی انتہائی کامیاب ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اوپننگ جوڑی میں مستقبل میں تبدیلی کا امکان تجویز کیا ہے۔

ایک مقامی ٹی وی شو میں گفتگو میں 38 سالہ وہاب ریاض نے ٹیم کے لیے بیک اپ تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وہاب ریاض نے کہا کہ ’جب تک کھلاڑی کو کھیلنے کا وقت نہیں ملتا بیک اپ تیار نہیں ہو سکتا۔یہ اندازہ لگانا ضروری ہے کہ کھلاڑی بین الاقوامی دباؤ کو کس طرح سنبھالتے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ “آئندہ T20I میچوں میں بہت کچھ آزمانا ہے اور ہم کھلاڑیوں سے اس بارے میں بات کر رہے ہیں کہ کون سی پوزیشن ان کے لیے موزوں ہے۔”

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دورے کے دوران ٹیم کے انتخاب کی ذمہ داری بنیادی طور پر ٹیم مینجمنٹ اور کپتان پر آتی ہے۔وہاب ریاض نے یہ کہتے ہوئے نتیجہ اخذ کیا کہ رضوان اور بابر کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا کوئی فوری منصوبہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25ء کے حصے کے طور پر تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے اور سیریز کا آخری ٹیسٹ آج سے سڈنی میں شروع ہوا۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستان اپنا پہلا ٹی ٹونٹی میچ 12 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close