کرکٹر احمد شہزاد کیلئے اچھی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی)لمبے عرصہ کے بعد پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد کے اچھے دن واپس آنے کی اُمیدیں روشن ہوتی دکھائی دے رہی ہیں، دورہ نیوزی لینڈ کیلئے لگائے گئے ٹریننگ کیمپ میں احمد شہزاد بھی تربیتی مشق کرتے ہوئے دکھائی دیئے جس کی تصویر سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ہائی پرفارمنس کوچ یاسر عرفات کی سربراہی میں 5 روز ٹریننگ کیمپ کا آغاز ہو گیاہے جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔ اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کی گئیں اور ساتھ پیغام درج کیا کہ ’ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کی تیاری کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ شروع کر دی ہے ۔‘‘چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یاسر عرفات کو ہائی پرفارمنس کوچ مقرر کیا گیا تھا اور دورہ نیوزی لینڈ ان کا پہلا اہم اسائمنٹ ہو گا۔دوسری جانب یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سابق فاسٹ بولر جنید خان کو ریحان ریاض کی عدم دستیابی کے بعد پاکستان انڈر 19 کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جنہوں نے فیملی ایمرجنسی کی وجہ سے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔جنید جو اس سے قبل اسلام آباد ریجن کے ہیڈ کوچ تھے،انہوں نے حنیف محمد ٹرافی 24-2023 میں ٹیم کو فتح دلائی۔ 34 سالہ کرکٹر نے 107 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 189 وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں