آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان ٹیم کا اعلان، کپتان کون؟

لاہور(پی این آئی )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ قومی انڈر 19 ٹیم کی قیادت سعد بیگ کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق جونیئر سلیکشن کمیٹی نے انڈر 19 ایشیا کپ سے قبل بہترین کارکردگی دکھانے والے 45 کرکٹرز کو کراچی میں ٹریننگ کیمپ میں بلایا تھا۔
ٹریننگ کیمپ کے بعد 15 کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے روانگی سے پہلے پاکستان ٹیم 28 دسمبر سے 6 جنوری تک لاہور میں تربیتی کیمپ میں حصہ لے گی۔ انڈر 19 ورلڈ کپ 19جنوری سے 11 فروری 2024 تک جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان انڈر 19 میں سعد بیگ (کپتان، وکٹ کیپر)، علی اسفند (نائب کپتان)، علی رضا، احمد حسن، عامرحسن، عرفات منہاس، اذان اویس، ہارون ارشد، خبیب خلیل، محمد ریاض اللہ، محمد ذیشان، نوید احمد خان، شامل حسین، شاہ زیب خان اور عبید شاہ شامل ہیں۔
پاکستانی اسکواڈ میں شامل محمد ذیشان اور علی اسفند گزشتہ برس ویسٹ انڈیز میں منعقدہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں پاکستان کی 5ویں پوزیشن تھی۔ اسکواڈ میں 12 کرکٹرز وہ ہیں جنہوں نے دبئی میں منعقدہ حالیہ انڈر 19 ایشیا کپ میں حصہ لیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close