شاہین شاہ آفریدی سے متعلق بُری پیشنگوئی کر دی گئی

لاہور (پی این آئی) سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرئوف نے دعویٰ کیا ہے کہ سٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اب کبھی ماضی جیسی کارکردگی نہیں دکھا سکیں گے۔

پاکستان کے سٹار فاسٹ بولر اور ٹی ٹونٹی کپتان شاہین شاہ آفریدی موجودہ ٹیم میں قومی بولنگ اٹیک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں تاہم حالیہ کچھ عرصے سے ان کی پرفارمنس پر سب کو ہی تشویش ہے۔شاہین آفریدی جو مخالف بلے بازوں کو دہشت زدہ کرنے کے لیے مشہور ہیں وہ آسٹریلیا کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی وہ پہلی اننگ میں صرف ایک ہی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرؤف نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے پرتھ ٹیسٹ کے لیے پاکستانی بولنگ اٹیک کی اہلیت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کا موجودہ بولنگ اٹیک اس قابل نہیں کہ 5 روز میں دو بار آسٹریلوی ٹیم کو آؤٹ کر سکے۔پی سی بی کا بولنگ کے حوالے سے شاہین شاہ پر زیادہ اعتماد ہے اور ان کی ماضی کی کارکردگی بھی بہت شاندار رہی ہے لیکن انہیں رواں سال انجری کے بعد ری ہیب کرکے جلد واپس میدان میں لایا گیا جس کے نتیجے میں وہ اپنی سپیڈ اور ردھم کھو بیٹھے ہیں، اب آپ دیکھیں تو وہ آف سٹمپ سے دور بولنگ کر رہے اور میرا ماننا ہے کہ جس طرح ان کی ماضی کی بولنگ پرفارمنس رہی ہے وہ شائقین کرکٹ آئندہ کبھی نہیں دیکھ سکیں گے۔

عبدالرؤف کا مزید کہنا تھا کہ اگر شاہین آفریدی کے بائیو مکینکس درست نہ کیے گئے اور ان پر کام کا زیادہ دباؤ ڈالا گیا تو شاید وہ دو ٹیسٹ کے بعد ہی دوبارہ زخمی ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کسی مضبوط ٹیم کے ساتھ ان کے ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہے ہوں تو پھر اسپیشلسٹ کے ساتھ میدان میں اترنا پڑتا ہے لیکن افسوس پرتھ ٹیسٹ کے لیے آدھے تیتر اور آدھے بٹیر والی مثال قائم کرکے ایسی ٹیم اتاری گئی ہے جس کا کوئی تال میل نہیں اور وہ آسٹریلیا کو دو بار آؤٹ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close