عامر جمال نے آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

پرتھ(پی این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلر عامر جمال نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 487 رنز پر آؤٹ ہوگئی ہے جبکہ پاکستان کی طرف سے عامر جمال نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 111 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ عامر جمال کا ڈیبیو میچ تھا اور انہوں نے ڈیبیو ٹیسٹ پر 6 وکٹیں لینے والے 14 ویں باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔27 سالہ عامر جمال کا تعلق پنجاب کے ضلع میانوالی سے ہے اور وہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
عامر جمال نے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم کے اوپنر ڈیوڈ وارنر جنہوں نے ٹیم کی طرف سے میچ میں سب سے زیادہ 164 رنز بنائے انہیں آؤٹ کیا جبکہ ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری ، مچل سٹارک، پیٹ کمنز اور نیتھ لائن کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔
خیال رہے کہ عامر جمال باؤلنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی مہارت رکھتے ہیں اور ان کا ٹیم میں کردار آلراؤنڈر کا ہے۔

close