عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ واپس لینے کا کہہ دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر اور سابق کوچ راشد لطیف نے کہا ہے کہ آل راؤنڈر عماد وسیم قومی ٹیم کے سب سے اچھے اسپنر ہیں، انہیں ریٹائرمنٹ واپس لے لینا چاہیے۔ سوشل میڈیا پر دیے گئے اپنے ایک حالیہ بیان میں انہوں نے عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ واپس لینے کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ ورلڈکپ میں ٹیم کا سب سے کارآمد کھلاڑی نہیں ہوگا تو اس میں عماد وسیم کا نہیں ملک کا نقصان ہے۔

راشد لطیف کا ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں چاہیے عماد وسیم کو واپس لے کر آئیں۔ وہ سب سے اچھے اسپنر ہیں، ان کی بیٹنگ سے بھی قومی ٹیم کو بہت مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عماد وسیم کو لیگز کھیلنا ہیں تو سینٹرل کنٹریکٹ سے علیحدگی اختیار کرلیں لیکن پاکستان ٹیم کیلیے اپنے آپ کو دستیاب رکھیں۔

خیال رہے کہ عماد وسیم نے حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ انکی توجہ اب انٹرنیشنل کرکٹ کے بجائے لیگ کرکٹ کی طرف مرکوز ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں