قومی ٹیم کا نیا کوچ کون ہوگا؟ ممکنہ نام سامنے آگیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ نئے کوچ کا نام سامنے آ گیا۔

ورلڈکپ میں ناکامی کے بعد پی سی بی کی جانب سے ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی تبدیلی سے متعلق اہم فیصلے کیے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں کھیلے جا رہے کرکٹ ورلڈکپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑے ایکشن کی تیاریوں شروع کر دی ہیں۔

خاص کر ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی تبدیلی سے متعلق اہم فیصلے ہونے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا سے قبل کوچنگ کے لیے سابق آسٹریلوی کرکٹر جسٹن لینگر کا نام بھی سامنے آ رہا ہے تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے کچھ اعلیٰ عہدیدار آسٹریلیا کا دورہ سر پر ہونے کی وجہ سے تبدیلیاں نہ کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

جبکہ پی سی بی حکام ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کی وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب دبئی سے لاہور پہنچیں گے۔ مکی آرتھر کی آمد کے بعد منجمںٹ کے اراکین سے ملاقات کا سلسلہ شروع ہو گا ۔ پی سی بی کو ٹیم ڈائریکٹر ہیڈکوچ، مینجر اور کپتان کی رپورٹ کا بھی انتظار ہے ۔ پی سی بی کے چیئرمین اگلے ایک دو روز میں کرکٹرز کے ساتھ مشاورتی عمل بھی شروع کریں گے ۔

پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں اس ہفتے اہم مشاورت کا آغاز ہو گا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ذکاء اشرف کی جانب سے ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق سے فیڈ بیک لیا جائے گا، عمر گل، اظہر علی، سعید اجمل، مشتاق احمد، عاقب جاوید، محسن حسن خان سے مشاورت ہو گی جبکہ سابق کپتان محمد حفیظ سے ایک بار پھر بورڈ رابطہ کرنے کا خواہشمند ہے۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ سابق کپتان معین خان سے بھی مشاورت کی جائے گی اور شاہد آفریدی سے چیئرمین ذکا اشرف دوسری مرتبہ ملیں گے۔ اس ہونے والی ملاقات کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین کوچنگ سٹاف میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کریں گے اور کوچنگ سٹاف کے معاہدوں پر قانونی مشاورت ہو گی جبکہ ریڈ اور وائٹ بال کے لیے الگ الگ کپتان بھی مشاورتی ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close