وہ افغان شہری جنہیں افغانستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا

چترال(پی این آئی)چترال میں مقیم 32 افغان اسماعیلیوں کو افغانستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی مقیم اسماعیلی کمیونٹی کے افغان باشندوں کی فہرست تیار کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کا مراسلہ محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کو موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ افغان اسماعیلی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو اگلے اطلاع تک گرفتار نہ کیا جائے۔محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کے مطابق چترال میں مقیم اسماعیلی کمیونٹی کے 32 افراد کی گرفتاری روک دی گئی ۔محکمہ داخلہ کے پی کا کہنا ہے کہ اسماعیلیوں کو دوبارہ آباد کرنے کے لیے حکومت کینیڈا غور کر رہی ہے اس سلسلے میں جلد رسمی کارروائیاں شروع کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی شہریوں کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کے مطابق جمعہ کو طور خم بارڈر سے 3 ہزار 605 غیر ملکی افراد وطن واپس گئے جس میں واپس 810 خواتین اور ایک ہزار 453 بچے بھی شامل ہیں۔محکمہ داخلہ کے پی کا کہنا ہے کہ اب تک 2 لاکھ سے زائد غیرقانونی غیر ملکی وطن واپس لوٹ گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں