طوفانی بارشیں، نیوزی لینڈ اور سری لنکا میچ سے متعلق بڑی پیشنگوئی

بنگلورو (پی این آئی) نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ورلڈکپ ٹاکرے سے قبل قدرت کا نظام ان ایکشن۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کیلئے اہمیت اختیار کر جانے والے، 9 نومبر کو بھارت کے شہر بنگلورو میں شیڈول نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے میچ سے قبل قدرت کا نظام ایکشن میں آ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ہفتے جمعرات کو شیڈول میچ سے قبل منگل کے روز بنگلورو میں طوفانی بارش ہوئی جس کے بعد شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ بنگلورو میں آئندہ چند روز کے دوران بھی بارش کا امکان ہے، جس کے باعث ورلڈکپ سیمی فائنل تک رسائی کیلئے کوشاں پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے فائنل 4 رسائی کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات 9 نومبر کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے اہم میچ والے دن بنگلورو میں بارش کے امکانات تھے، جو اب مزید بڑھ گئے ہیں۔ اگلے دو دنوں یعنی 8 نومبر اور 9 نومبر تک بارش کا امکان بالترتیب 86% اور 80% ہے۔ بارش ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 1،1 پوائنٹ مل جائے گا، یہ صورتحال پاکستان کیلئے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہو گی کیونکہ اگر سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہو پاتا تو پھر پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے انگلینڈ کیخلاف صرف جیت درکار ہوگی۔

پاکستان نے ہفتے کے روز بنگلورو میں نیوزی لینڈ کو ڈی ایس ایل میتھڈ کے تحت 21 رنز سے شکست دی اور آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل کی دوڑ میں زندہ رہا لیکن اس کا راستہ اتنا آسان نہیں ہے اور بہت سے عوامل اس میں شامل ہیں۔ بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر کو کولکتہ میں لازمی جیتنے والے میچ میں کھیلے گی لیکن ممکنہ طور پر ان کی قسمت کا فیصلہ اس سے پہلے ہو جائے گا کیونکہ ان کا انحصار افغانستان کے میچز کے نتائج پر ہے اور نیوزی لینڈ اس وقت تک اپنے بقیہ میچ کھیل چکے ہوں گے۔ سب سے پہلے افغانستان کو ورلڈ کپ میں مزید دو میچز کھیلنے ہیں جو کسی بھی طرح آسان نہیں کیونکہ وہ بالترتیب 7 نومبر اور 10 نومبر کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ان فارم ٹیموں کے خلاف کھیلے گی۔ اگر افغانستان دونوں میچ جیت جاتا ہے تو وہ نیوزی لینڈ اور پاکستان سے آگے 12 پوائنٹس کے ساتھ براہ راست کوالیفائی کر لے گا۔ لیکن پاکستان کا براہ راست مقابلہ ابھی نیوزی لینڈ کے ساتھ ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کو ایک اور میچ کھیلنا ہے لیکن نیٹ رن ریٹ پر بلیک کیپس آگے ہے وہ 9 نومبر کو بنگلورو میں سری لنکا کی ٹیم سے کھیلیں گے۔ نیوزی لینڈ اس وقت 0.398 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان 0.036 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

اگر نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 50 رنز سے شکست دی تو پاکستان کو انگلینڈ کو 180 رنز سے شکست دینا ہوگی۔ اگر نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 1 رن سے ہرایا تو پاکستان کو انگلینڈ کو 131 رنز سے ہرانا پڑے گا۔ اگر سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تو پاکستان کو صرف انگلینڈ کو ہرانا ہو گا اور وہ کوالیفائی کر لے گا۔ واضح رہے کہ مذکورہ بالا منظر نامہ صرف اس صورت میں لاگو ہوتا ہے جب افغانستان اپنے باقی دونوں میچز ہارے۔ بھارت اور جنوبی افریقہ پہلے ہی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں اور آسٹریلیا کے اپنی جگہ بک کرنے والی اگلی ٹیم ہونے کا سب سے زیادہ امکان ہے۔ آسٹریلیا اس وقت 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اور انہیں افغانستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ مزید دو میچز کھیلنے ہیں، کسی بھی میچ میں جیت ناک آؤٹ مرحلے میں ان کی جگہ براہ راست مضبوط کر دے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close