پاکستان سیمی فائنل میں کیسے جا سکتا ہے؟ پوزیشن واضح ہو گئی

اسلام آباد (پی این آئی)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کیخلاف فتح کے بعد یہ سوال اپنی جگہ برقرارہے کہ کیا پاکستان فائنل میں پہنچ سکتا ہے یا نہیں؟ اگر پہنچ سکتا ہے تو کیسے پہنچے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہونیوالے میچ میں کینگروز نے 33 رنز سے فتح سمیٹی لی جس کے بعد دفاعی چیمپیئن انگلینڈ ورلڈ کپ کے ایونٹ سے باہر ہو گیا ہے۔

بھارت 14 اور جنوبی افریقہ 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں کوالیفائی کر چکے ہیں، آسٹریلیا 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ جبکہ نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے چوتھے نمبر پر براجمان ہے، پاکستان 8 پوائنٹس کیساتھ پانچویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ افغانستان 8 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔اس کے علاوہ 4 پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا ساتویں، نیدر لینڈز 4 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش اور انگلینڈ دو دو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہو چکیں ہیں۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کیلئے 11 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف اپنا میچ ہر صورت جیتنا ہوگا۔اور اس کے ساتھ پاکستانی مداحوں کو یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ سری لنکا 9 نومبر کو بنگلورو میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دے۔اگر نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا جس کے بعد نیوزی لینڈ کے 9 پوائنٹس ہو جائیں گے۔

اس طرح پاکستان کو صرف انگلینڈ سے میچ جیتنا ہوگا، اگر نیوزی لینڈ 9 نومبر کوسری لنکا کو شکست دے دیتا ہے تو اس صورت میں پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کیلئے نیٹ رن ریٹ کا سہارا لیناہوگا۔ اور ساتھ ہی پاکستان ٹیم کے مداحوں کو یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ افغانستان اپنے دو میچوں میں سے ایک میچ ہار جائے اور جو میچ جیتے وہ کم مارجن سے جیتے کیونکہ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ افغانستان سے بہتر ہے۔

اسی طرح اگر نیوزی لینڈ اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو ایک رن سے شکست دیتا ہے تو پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف میچ 131 رنز سے جیتنا ہوگا۔ خیال رہے کہ پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف نیٹ رن ریٹ پر جیتنے کا حتمی فیصلہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ کے بعد ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close