پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے انگلینڈ کو کتنے رنز سے شکست دینی ہوگی؟

نئی دہلی (پی این آئی)پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ کپ کےسیمی فائنل میں پہنچنے کے لیےانگلینڈ کو شکست دینے کے علاوہ اپنے رن ریٹ کو بھی بہتر کرنا ہو گا۔

اگر سری لنکا کی ٹیم اگلے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دیتی ہے تو ایسی صورت میں گرین شرٹس انگلینڈ کو ہرا کر باآسانی سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔تاہم اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف کامیاب رہتی ہے تو ایسی صورت میں ناصرف قومی ٹیم کو انگلینڈ کو ہرانا ہو گا بلکہ بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا۔موجودہ صورتحال میں پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی اور رن ریٹ میں نیوزی لینڈ سے آگے نکلنے کے لیے کم از کم 130 رنز کے مارجن سے فتح درکار ہو گی جبکہ نیوزی لینڈ کی فتح کا مارجن ایک رن سے زائد ہونے کی صورت میں پاکستان کو مزید بڑے مارجن سے میچ جیتنا ہو گا۔تاہم سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان بنگلور میں 9 نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بارش کا بھی قومی امکان ہے اور ڈے نائٹ میچ ہونے کی وجہ سے میچ کے بارش کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔اگر میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو جاتا ہے تو ایسی صورت میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ دونوں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا، یوں نیوزی لینڈ کے مجموعی پوائنٹس 9 ہو جائیں گے اور ایسی صورت میں بھی پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کو ہرا کر فائنل فور میں جگہ بنا لے گی۔

close