فخرزمان نے ورلڈ کپ کی گزشتہ 24 سالہ تاریخ کا منفرد اعزاز حاصل کرلیا

بنگلورو (پی این آئی) قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے ورلڈ کپ کی گزشتہ 24 سالہ تاریخ کا منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔ فخر زمان نے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں 19.2 اوورز میں اپنی سنچری مکمل کی، وہ ورلڈ کپ کی گزشتہ 24 تاریخ میں تیسرے بلے باز ہیں جنہوں نے 20 اوورز سے قبل سنچری مکمل کی ہے۔

ان کے علاوہ روہت شرما نے جاری ورلڈ کپ میں 17.2 اوورز میں سنچری مکمل کی تھی ، کینیڈا کے جان ڈیوڈسن نے ورلڈ کپ 2003ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 19 اوورز میں سنچری مکمل کی تھی ۔ اس سے قبل فخر زمان نے جاری ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف گرین شرٹس کے میچ کے دوران ایک روزہ بین الاقوامی (ODI) اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا شاہد آفریدی کا 27 سالہ ریکارڈ برابر کر دیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 35 ویں میچ میں بارش ایک بار پھر آڑے آگئی اور میچ روک دیا گیا۔ ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت پاکستان 21 رن آگے رہا، 25.3 اوور پر پاکستان کو ایک وکٹ پر 179 رن کرنا تھے۔ فخر زمان 125 اور بابراعظم 66 رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ فخر زمان نے بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں میچ میں 11 چھکے لگائے ۔ شاہد آفریدی نے 1996ء میں سری لنکا کے خلاف 11 چھکے لگائے تھے۔

عبدالرزاق نے 2010ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف 10 چھکے لگائے تھے۔ فخر زمان نے 2021ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف بھی 10 چھکے لگائے تھے۔ فخر زمان نے اس ورلڈ کپ میں 18 چھکوں کے ساتھ ایک ورلڈ کپ میں زیادہ چھکے لگانے کا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ اس سے قبل عمران نذیر 2007ء ورلڈ کپ اور عبداللہ شفیق ورلڈ کپ 2023ء میں 9،9 چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ افتخار احمد اس ورلڈ کپ میں 8 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

close