سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ، پاکستان کیلئے بڑا چیلنج کھڑا ہوگیا

بنگلورو (پی این آئی ) کیویز کیخلاف فتح کے باوجود سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے پاکستان کے سامنے بہت بڑا چیلنج کھڑا ہو گیا، نیٹ رن ریٹ میں زیادہ بہتری نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف اپنے آخری گروپ میچ میں بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کیخلاف شاندار فتح کے بعد پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری، بنگلور میں مشکل حالات میں فتح حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل پر ترقی ہو گئی۔ تاہم فخر زمان اور بابر اعظم کی شاندار بلے بازی کے باعث ناقابل یقین فتح حاصل کرنے کے باوجود پاکستان کا نیٹ رن ریٹ زیادہ بہتر نہ ہو سکا۔ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ 0 عشاریہ 03 ہو گیا، جبکہ شکست کے باوجود نیوزی لینڈ کا نیٹ رن ریٹ 0 عشاریہ 39 ہے، جو کہ پاکستان کے نیٹ رن ریٹ سے بہتر ہے، جبکہ دونوں ٹیموں کے 8،8 پوائنٹس ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ چوتھے جبکہ پاکستان اب پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیٹ رن ریٹ میں زیادہ اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے اب پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف میچ میں بہت بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہو گی، تب ہی قومی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکے گی۔ اگر نیوزی لینڈ اپنے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کیخلاف صرف 1 رنز کے مارجن سے فتح حاصل کرے یا میچ کی آخری گیند پر فتح حاصل کرے، تو اس صورت میں پاکستان کو انگلینڈ کو یا تو کم از کم 131 رنز سے شکست دینا ہو گی، یا انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا ہدف کم سے کم اوورز میں حاصل کرنا ہو گا، تب ہی پاکستان اپنا نیٹ رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر کر پائے گا اور سیمی فائنل میں پہنچ سکے گا۔ اگر نیوزی لینڈ سری لنکا کیخلاف بڑے مارجن سے فتح حاصل کرتی ہے، تو اس صورت میں پاکستان کو بھی انگلینڈ کیخلاف 131 رنز سے بھی زیادہ بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہو گی۔

تاہم اگر نیوزی لینڈ سری لنکا سے شکست کھا جائے، تو اس صورت میں پاکستان کو امید کرنا ہو گی کہ افغانستان یو تو اپنے بقیہ دونوں میچز ہار جائے، یا پھر اسے کم از کم ایک میچ میں شکست ہو اور اس کا نیٹ رن ریٹ زیادہ بہتر نہ ہو سکے، تب اس صورتحال میں پاکستان انگلینڈ کو کسی بھی مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج میں اپنا آخری میچ انگلینڈ کیخلاف کولکتہ میں 11 نومبر کو کھیلے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close