افغانستان سے شکست کے بعد پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اب کیا کرنا ہوگا؟ تفصیلات آگئیں

چنئی (پی این آئی) آئی سی سی ورلڈ کپ میں افغانستان سے عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیم کیلئے نئی مشکل کھڑی ہو گئی۔ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اب اپنے چاروں میچ جیتنا ہوں گے۔ قومی ٹیم اپنا چھٹا میچ 27 اکتوبر جمعہ کو جنوبی افریقا کیخلاف کھیلے گی۔

ساتواں میچ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش ، چار نومبر کو نیوزی لینڈ جبکہ اپنا 9واں اور آخری میچ 11 نومبر کو انگلینڈ کیخلاف کھیلے گی۔ اگر چاروں ٹیموں کی بات کریں تو جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسری اور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں ۔ جبکہ بنگلہ دیش 7ویں اور انگلینڈ خراب کارکردگی کی وجہ سے آخری پوزیشن پر ہے ۔ جنوبی افریقا کی ٹیم نے 4 میچز کھیلے ہیں جن میں سے تین جیتے ہیں اور ایک میچ ہاری ہے۔ جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ میچز میں 4 میں فتحیاب ہوئی جبکہ ایک میچ ہاری ہے۔ اسی طرح بنگلہ دیش کی ٹیم نے 4 میچز کھیلے جن میں تین وہ شکست سے دو چار ہوئی جبکہ ایک میچ جیتی ہے۔ جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نے بھی 4 میچز کھیلے ایک جیتی اور تین میں ہاری ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی بات کریں توپاکستان نے اپنا پانچواں میچ افغانستان کیساتھ کھیلا ہے جس میں افغان ٹیم نے قومی کرکٹ ٹیم کو 8 وکٹوں سے تاریخی شکست دی ہے۔

افغانستان کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کے بولرز کی کارکردگی ایک مرتبہ پھر مایوس کن رہی، پاکستان کی جانب سے شاہین اور حسن علی ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے 65، ابراھیم نے 87، کپتان حمشت اللہ نے 43 جب کہ رحمت شاہ نے ناقابل شکست 72 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس سے پہلے پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، عبداللہ شفیق نے چھکا لگا کر رواں سال کا پاور پلے میں پہلا چھکا لگایا، پہلے چھکے کے بعد عبداللہ شفیق نے ہی دوسرا چھکا بھی لگا دیا۔ پاکستانی بیٹر نے پہلے نوین الحق اور پھر مجیب الرحمان کی گیند پر چھکا لگایا۔ امام الحق 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 58 رنز پر آئوٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ محمد رضوان بھی 8 رنز بناکر نور احمد کا شکار ہوئے جبکہ سعود شکیل 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ایسے میں کپتان بابر اعظم نے بھی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ بھی 92 گیندوں پر 74 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی اوورز میں افتخار احمد اور شاداب خان نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی، افتخار 27 گیندوں پر 40 اور شاداب 38 گیندوں پر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شاہین آفریدی 3 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ یوں پاکستان نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے نوجوان اسپنر نور احمد نے 3، فاسٹ بولر نوین الحق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد نبی اور عظمت اللہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں