عماد وسیم نے بابراعظم کی بڑی ناکامی بتا دی

لاہور (پی این آئی ) آل راؤنڈر عماد وسیم نے ایم چناسوامی سٹیڈیم، بنگلورو میں جمعہ کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

بابر کی قیادت میں قومی ٹیم آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 368 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے کی کوشش میں 62 رنز سے پیچھے رہ گئی، پاکستانی کپتان کی انفرادی کارکردگی 14 گیندوں میں صرف 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ایک مقامی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے عماد وسیم نے نشاندہی کی کہ بابر اعظم نے 2019ء سے کسی بڑی ٹیم کے خلاف پاکستان کے لیے فتح حاصل نہیں کی۔ عماد وسیم نے کہا کہ “عالمی سطح پر دباؤ ہوتا ہے لیکن یہ وہ جگہ بھی ہے جہاں آپ اپنی قابلیت کا ثبوت دیتے ہیں۔ میرے خیال میں بابر نے آخری بار کسی بڑے میچ میں 2019ء ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پرفارم کیا تھا، جب اس نے سنچری بنائی تھی۔ لیکن اس کے بعد وہ ابھی تک پاکستان کے لیے کوئی بڑا میچ نہیں جیت پائے ہیں۔ یہ تنقید نہیں بلکہ حقیقت ہے‘‘۔ عماد وسیم نے مزید روشنی ڈالی کہ ون ڈے میں نمبر ون بلے باز کے طور پر بابر اعظم کی پوزیشن کو دیکھتے ہوئے ٹیم کو فتوحات تک پہنچانا ان کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’ون ڈے میں نمبر ون بلے باز ہونے کے ناطے، میچ جیتنا بابر کی ذمہ داری ہے لیکن اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو سوالات اٹھیں گے، اسے ٹیم کی ضرورت کے مطابق بیٹنگ کرنی ہوگی۔ اس کے پاس باؤلرز پر غلبہ حاصل کرنے کی صلاحیت ہے اور یہ ورلڈ کپ ایسا کرنے کی جگہ ہے‘۔

close