آسٹریلیا کیخلاف اہم میچ سے قبل قومی ٹیم کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

لاہور (پی این آئی ) آسٹریلیا کیخلاف بنگلور ٹاکرے سے قبل پاکستانی ٹیم کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ تفصیلات کے مطابق بنگلور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے ورلڈکپ ٹاکرے سے قبل پاکستان کے سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم کو خبردار کر دیا ہے۔

سابق کرکٹرز باسط علی، اظہر علی اور کامران اکمل نے بنگلور کی وکٹ کے حوالے سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بنگلور کی وکٹ اور کنڈیشنز آسٹریلوی ٹیم کیلئے زیادہ سازگار ہوں گی۔ پاکستان کو اگر آسٹریلیا کیخلاف فتح حاصل کرنی ہے تو بلے بازوں کو بیٹنگ کیلئے سازگار کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا کر زیادہ سے زیادہ رنز بنانا ہوں گے، جبکہ گیند بازوں کو بہت محتاط رہ کر گیند بازی کرنا ہو گی۔ دوسری جانب پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بنگلور میں شیڈول ورلڈکپ میچ کے حوالے سے ماہرین کرکٹ اور سابق کرکٹرز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بنگلور میں ٹاس جتنے والے کپتان کو پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے۔ بنگلور میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم اگر اگر اچھا ہدف دینے میں کامیاب ہو جائے تو رات کے وقت ہدف کا تعاقب کافی مشکل ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کل بروز جمعہ بنگلور کے چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین میگا ایونٹس میں 1975ء سے 2019ء کے درمیان 10 مقابلے کھیلے گئے ہیں جس میں کینگروز کا پلڑا بھاری ہے، 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن ٹیم نے 6 جیت درج کررکھی ہیں۔

گرین شرٹس کی ٹیم محض 4 مرتبہ آسٹریلیا کو شکست میں کامیاب رہی ہے۔ قومی ٹیم نے شاہد آفریدی کی کپتانی میں 12 سال قبل 2011ء کے ورلڈکپ مقابلے میں آخری بار کینگروز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ گرین شرٹس نے 1979ء کے ورلڈ کپ میں کینگروز کیخلاف 89 رنز ، 1992ء کے ورلڈ کپ میں 48 رنز اور 1999ء کے عالمی کپ میں 10 رنز سے کامیابی حاصل کر رکھی ہے ۔ 2015ء کے کوارٹر فائنل اور 2019ء کے عالمی مقابلوں میں گرین شرٹس کو کینگروز کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close