لاہور (پی این آئی) آئی سی سی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست پر سابق آل راؤنڈر شعیب ملک نے بابراعظم سے کپتانی چھوڑنے کا مطالبہ کردیا۔
مقامی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بابراعظم قیادت کی ذمہ داریوں سے دستبردار ہوجائیں اور بطور بیٹر کھیلیں۔ شعیب ملک نے کہا کہ میں نے اس سے پہلے بھی یہ رائے دی تھی کہ بابراعظم کو کپتانی چھوڑ دینی چاہیے کیوں کہ بطور کپتان وہ آؤٹ آف دی باکس نہیں سوچتے، بابر گزشتہ 4 سال سے کپتانی کررہے ہیں لیکن ان میں بہتری نہیں آرہی ، وہ بطور بیٹر پاکستان کیلئے بہت کچھ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے بھی بھارت کیخلاف میں اچھا آغاز ملنے کے بعد مڈل اوورز میں سلو بیٹنگ کرنے پر بابراعظم اور رضوان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بھارتی سپنرز پر اٹیک کرنے کی ضرورت تھی لیکن دونوں پلئیرز نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے بھارتی بائولرز کو میچ میں بیک کرنے کا موقع ملا۔
یاد رہے کہ بھارت کیخلاف میچ میں پاکستان کے ایک وقت میں 155 رنز پر محض 2 کھلاڑی آئوٹ تھے تاہم گرین شرٹس 191 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی جس کے بعد بابر الیون کو تنقید کا سامنا ہے، قومی ٹیم نے اپنی آخری 8 وکٹیں صرف 36 رنز پر گنوائیں اور بھارت نے میچ باآسانی 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ واضح رہے کہ گوتم گمبھیر سمیت کئی سابق کرکٹرز بابراعظم کی کپتانی پر سوالات اُٹھاتے رہے ہیں، ان کا موقف تھا کہ بابراعظم کی قیادت میں گرین شرٹس جارحانہ کھیل کھیلنے کے بجائے دفاعی انداز اپنا لیتی ہے جو پاکستان کی متعدد شکستوں کی وجہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں