محمد رضوان اور افتخار احمد کی چھوٹی سی غلطی نے پاکستان کو بڑا جھٹکا دیدیا

حیدر آباد (پی این آئی ) سری لنکا کیخلاف فتح کے باوجود پاکستانی ٹیم سنگین غلطی کر بیٹھی، ہدف کے تعاقب میں شاندار سینچری اسکور کرنے والے محمد رضوان کی جانب سے اننگ کے اختتام پر کی گئی غلطی کی وجہ سے قومی ٹیم کو نقصان ہونے کا خدشہ۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کیخلاف تاریخی فتح کے باوجود پاکستان کیلئے بری خبر، آئی لینڈرز کیخلاف شاندار کامیابی حاصل کرنے کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان نے رن ریٹ بہتر کرنے کا موقع کھو دیا۔ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل پر مسلسل 2 فتوحات کے بعد پاکستان دوسری پوزیشن پر براجمان ہو گیا ہے، جبکہ نیوزی لینڈ نے پہلی پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔ تاہم پاکستان کے رن ریٹ میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ نیدر لینڈ کیخلاف فتح کے بعد پاکستان کا نیٹ رن ریٹ 1 عشاریہ 6 سے زائد تھا، جو اب کم ہو کر 0.9 ہو گیا ہے۔کرکٹ اعداد و شمار کے ماہر مظہر ارشد کے مطابق اگر محمد رضوان اور افتخار احمد وننگ شاٹ کے بعد کراس نا کرتے اور چوکا ہونے کا انتظار کرتے تو پاکستان کو 3 ایکسٹرا رنز مل جاتے۔واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز کرکٹ ورلڈکپ کی 48 سالہ تاریخ کا سب سے شاندار ریکارڈ اپنے نام کیا۔ سری لنکا کو شکست دے کر پاکستان نے اپنی ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا ۔ جبکہ پاکستانی ٹیم کے بلے بازوں نے سری لنکا کیخلاف ٹاکرے کے دوران ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔1975 سے شروع ہونے والے ایک روزہ کرکٹ ورلڈکپ کے آغاز کے بعد سے آج سے قبل کبھی کوئی ٹیم 330 یا اس سے زائد رنز کا ہدف کبھی حاصل نہ کر سکی تھی۔

ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے بڑے ہدف کا ریکارڈ آئرلینڈ کے پاس تھا جس نے 2011 ورلڈکپ میں انگلینڈ کیخلاف 328 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر یہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ پاکستان دنیا کی واحد کرکٹ ٹیم ہے جس نے کرکٹ ورلڈکپ کی تاریخ میں 330 سے زائد رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا ہے۔

close