ورلڈ کپ میں پاکستان کی پہلی فتح، نیدرلینڈز کو بڑے مارجن سے شکست دیدی

حیدر آباددکن (پی این آئی) آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو 81سکور سے شکست دے دی ۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 286سکور بنائے اور تمام کھلاڑی آوٹ ہو گئے جواب میں نیدر لینڈز کی ٹیم 205رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔حیدر آباد دکن میں کھیلے جارہے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹیم پاکستان نے اپنی مہم کا آغاز آج سے کیا، جہاں نیدرلینڈز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغازاوپننگ بیٹر فخر زمان اور امام الحق نے کیا تاہم پاکستانی بیٹر اننگز کے آغاز سے نیدرلینڈز کے باولرز کا سامنا کرنے میں مشکل کا شکار رہے ، فخر زمان 12، کپتان بابر اعظم 5 اور امام الحق 15 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے ٹیم کو سنبھالا اور سکور 100 سے اوپر تک پہنچایا۔سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر شاندار ففٹی سکور کی۔انہوں نے 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز مکمل کیے تاہم کھیل کے 29 ویں اوور میں سعود شکیل 68 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد 182 رنز پر پاکستان کی پانچویں وکٹ بھی گرگئی، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 75 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، علاوہ ازیں محمد افتخار بھی 9 رنز پرپویلین لوٹ گئے جبکہ شاداب خان بھی 32 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔اس کے بعد محمد نواز نے 39 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حسن علی صفر پر پویلین لوٹے، اختتامی اوورز میں حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے سکور کو 286 رنز تک پہنچایا۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز وکرم جیت سنگھ نے 52اور بس ڈی لیڈی نے 67 سکور بنائے جبکہ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر سکور نہ کر سکا۔ پاکستان کی جانب سے حارث روف نے تین، حسن علی نے دو جبکہ شاہین آفریدی ، شاداب خان ، محمد نواز اور افتخار احمد نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

close