اسلام آباد(پی این آئی)آسٹریلیا نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کیلئے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
البتہ ورلڈکپ سے قبل آسٹریلیا کو بڑا دھچکا لگا ہے اورکینگروز ٹیم کے اہم اسپنر ایشٹن اگر انجری سے نجات نہیں پا سکے جس کی وجہ سے وہ ورلڈکپ اسکواڈ سے باہر ہوگئے، انہیں انجری جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہوئی تھی۔آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کر رکھا تھا، تاہم جمعرات کو اس میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ایشٹن اگر کی جگہ مارنس لبو شین کو ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں پیٹ کمنز آسٹریلیا کی قیادت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان ایبٹ،ایلکس کیری، کیمرون گرین،جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ،جوش انگلس، مارنس لبو شین، مچل مارش، گلین میکسویل، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر اور ایڈم زیمپا شامل ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم نیدرلینڈز کے خلاف پہلا وارم اپ میچ 30 ستمبر کو کھیلے گی۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔ورلڈکپ میں آسٹریلیا کا پہلا میچ میزبان بھارت کےخلاف 8 اکتوبر کو شیڈول ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں