کس کھلاڑی نے 9بالز پر تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی، 16 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا

اسلام آباد (پی این آئی)نیپال کرکٹ ٹیم کے بلے باز دیپیندرا سنگھ نے منگولیا کے خلاف 9 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر بھارت کے یووراج سنگھ کا 16 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ چین میں جاری ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں گزشتہ روز نیپال اور منگولیا کی ٹیمیں مدِ مقابل آئیں۔ نیپال نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور بناتے ہوئے 314 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ ہدف کے تعاقب میں منگلویا کی ٹیم صرف 41 رنز بنا سکی۔

نیپال کی طرف سے بلے باز دیپیندرا سنگھ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 9 گیندوں پر 50 رنز بنا کر تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ سابق بھارتی بلے باز یووراج سنگھ کے پاس تھا جنہوں نے 2007 میں 12 گیندوں پر نصف سنچری جڑی تھی۔ صرف یہی نہیں اسی میچ میں نیپالی بلے باز کشال مالا نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 34 گیندوں پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارت کے روہت شرما نے 34 گیندوں پر بنایا تھا۔

علاوہ ازیں نیپال کرکٹ ٹیم اس میچ کے بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 300 سے زائد رنز بنانے والی بھی پہلی ٹیم بن گئی۔ ٹی ٹوئنٹی میں مخالف ٹیم کو سب سے زیادہ مارجن سے ہرانے کا اعزاز بھی نیپال کے نام رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں