ایشیا کپ میں بارش کے دوران بہترین ذمہ داریاں نبھانے والے گرائونڈ سٹاف کو بڑا انعام مل گیا

کولمبو(پی این آئی)ایشین کرکٹ کونسل( اے سی سی) کے صدر جے شاہ نے بارش سے متاثرہ ایشیا کپ 2023 کے دوران بہترین ذمہ داریاں نبھانے پر سری لنکن گراؤنڈ اسٹاف کیلئے انعام کا اعلان کیا ہے۔

 

 

پاکستان اور سری لنکا کی میزبانی میں کھیلا جانے والا ایشیا کپ 2023 بھارت کی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، ٹورنامنٹ کے 4 میچز پاکستان جبکہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے گئے۔سری لنکا میں کھیلے گئے میچز بارش سے متاثر بھی ہوئے، گروپ اسٹیج میں پاک بھارت ٹاکرا بارش کے ہی باعث بے نتیجہ ختم ہوا جبکہ سپر فور میں بھی پاکستان اور انڈیا کا میچ بارش کی وجہ سے ریزرو ڈے پر کھیلا گیا۔سپر فور مرحلے میں بھی سیمی فائنل کی صورت اختیار کرجانے والا سری لنکا اور پاکستان کا میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا، جس کی وجہ سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ پر کافی تنقید بھی ہوئی۔لیکن اس بارش سے متاثرہ میچز کو مکمل کروانے کے لیے سری لنکن گراؤنڈ اسٹاف نے بخوبی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں جس کا اعتراف ایشین کرکٹ کونسل اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی کیا ہے۔اتوار کو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بارش سے متاثرہ ایشیا کپ کے دوران بہترین ذمہ داریاں نبھانے پر سری لنکن گراؤنڈ اسٹاف کیلئے انعام کا اعلان کیا۔

 

 

 

جے شاہ نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل اور سری لنکا کرکٹ کولمبو اور کینڈی میں کیوریٹرز( پچ بنانے والے) اور گراؤنڈز مین کے لیے 50 ہزارڈالر کی انعامی رقم کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کولمبو اور کینڈی میں کیوریٹرز اور گراونڈ اسٹاف نے انتھک محنت کی، وہ واقعی انعام کے حقدار ہیں، گراونڈ اسٹاف کی کمٹنٹ نے ایشیا کپ کو یادگار بنا دیا۔صدر ایشین کرکٹ کونسل جے شاہ نے مزید کہا کہ کیوریٹرز اور گراونڈ اسٹاف نے سنسنی خیز مقابلوں کے لیے پچز اور سرسبزو شاداب گراؤنڈ بنائے۔واضح رہے کہ اتوار کو بھارت نے ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

close