بابراعظم نے بھارت سے شکست کے باوجود بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

لاہور (پی این آئی) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔ بابر اعظم گزشتہ ماہ سے اپنی غیر معمولی فارم سے متاثر کرتے رہے اور انہیں اگست 2023ء کے لیے ICC مینز پلیئر آف دی منتھ کا تاج پہنایا گیا۔

بابر نے ٹیم کے ساتھی شاداب خان اور ویسٹ انڈیز کے ہارڈ ہٹر نکولس پوران کو شکست دے کر تیسری بار یہ اعزاز حاصل کیا اور پاکستانی کپتان اس اعزاز کو قبول کرنے پر بہت خوش ہوئے۔ بابر اعظم نے 50 اوور کے فارمیٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکا میں دو طرفہ سیریز میں افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں بابر صفر پر آئوٹ ہوئے۔ تاہم اس کے بعد انہوں نے لگاتار 2 نصف سنچریوں کے ساتھ فارم میں واپسی کی ۔ انہوں نے دوسرے ون ڈے میں 53 رنز سکور کیے اور پھر تیسرے ون ڈے میں ایک اور اہم 60 رنز کی باری کھیلی ۔ بابر اعظم نے اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں نیپال کیخلاف 131 گیندوں پر 151 رنز بنائے۔

اس اننگز کے دوران، پاکستانی کپتان نے ایک تاریخی سنگ میل حاصل کیا، اور وہ کھیل کی تاریخ میں 19 ون ڈے سنچریاں مکمل کرنے والے تیز ترین کھلاڑی بن گئے۔ اس سنچری کے ساتھ ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچریوں کی تعداد 31 ہوگئی جس نے انھیں لیجنڈز جاوید میانداد اور سعید انور کے برابر کردیا۔ اب وہ پاکستان کے لیے سنچریوں کے لحاظ سے یونس خان (41)، محمد یوسف (39) اور انضمام الحق (35) سے پیچھے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close