کولمبو (پی این آئی ) پاکستان کے 2 اہم ترین کھلاڑی ایشیا کپ کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے، قومی ٹیم کی مینیجمنٹ نے سری لنکا کیخلاف سپر 4 مرحلے کے میچ کیلئے متبادل کھلاڑیوں کے ناموں پر غور شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کیخلاف سپر 4 مرحلے کے میچ میں بدترین شکست کے بعد پاکستانی ٹیم سے متعلق تشویش ناک خبر سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے 2 فرنٹ لائن فاسٹ باولرز نسیم شاہ اور حارث روف انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کا سری لنکا کیخلاف سپر 4 مرحلے کا میچ کھیلنا ناممکن ہو گیا ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں بھی یہ دونوں فاسٹ باولرز ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ اس صورتحال میں قومی ٹیم کی مینیجمنٹ نے ایشیاء کپ کے بقیہ میچز میں متبادل کھلاڑیوں کے ناموں پر غور شروع کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت کیخلاف میچ میں نسیم شاہ اور حارث روف انجری کے باعث بھارت کے خلاف ہدف کے تعاقب کے دوران بیٹنگ کیلئے میدان میں نہ آ سکے تھے۔ واضح رہے کہ ایشیاء کپ سپر 4 میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
357 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان صرف 128 رنز بنا سکا، ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کیلئے پاکستان کو اب سری لنکا کو لازمی شکست دینا ہو گی۔ کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں 357 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان 8 وکٹوں پر 128 رنز بنا سکا، نسیم شاہ اور حارث روف انجری کے باعث بیٹنگ کیلئے نہ آ سکے، پاکستان کی جانب سے کسی بلے باز نے نصف سینچری ہی اسکور نہ کی فخر زمان 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، بھارت کی جانب سے کلدیو یادیو نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ یوں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو اپنی تاریخ کی سب سے بڑی، 228 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ اس سے قبل بھارت نے پاکستان کو کامیابی کے لیے 357 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ریزرو ڈے پر پاکستانی وقت کے مطابق 4 بج کر 10 منٹ پر شروع ہوا۔ ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے پہلے محتاط انداز اپنایا اور پھر جارحانہ کھیل شروع کیا۔ کے ایل راہول نے 100 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی جبکہ ویرات کوہلی نے 84 گیندوں پر اپنی سنچری بنائی۔ پاکستانی بولرز بھارت بلے باز کے ایل راہول اور ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔
یوں بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنالیے۔ پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف ریزرو ڈے پر بھارت کے خلاف میدان میں نہیں اترے کیونکہ وہ سائیڈ سٹرین کا شکار ہوگئے تھے۔ گزشتہ روز بھارتی ٹیم نے 24.1 اوورز کھیلے تھے جبکہ اوپنر روہت شرما 56 اور شبمن گل 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے۔ ویرات کوہلی 8 اور کے ایل راہول 17 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان الیون میں کپتان بابراعظم، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، محمد رضوان، شاداب خان، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔ بھارت الیون کپتان روہت شرما، شبمن گِل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، شاردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج پر مشتمل تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں