ایشیا کپ2023: پاکستان کی فائنل میچ تک رسائی آسان ہوگئی

لاہور (پی این آئی) ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلادیش کو شکست دینے کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگیا۔ نجی ٹی ویکے مطابق تمام میچز بارش کی نذر ہونے پر بھی پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ جائیگا۔

خیال رہے کہ سری لنکن دارالحکومت میں آئندہ 10 روز تک بھرپور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، ایونٹ میں اب اگر کوئی بھی میچ ہوا تو پاکستان پہلی پوزیشن پر ہی رہے گا۔ اس طرح کی صورتحال میں سری لنکا اور بھارت کے پوائنٹس بھی برابر ہوجائینگے، میچز واش آؤٹ ہونے کی صورت میں نیٹ رن ریٹ نافذ نہیں ہوگا۔ ایشیا کپ میں پوائنٹس کی برابری اور رن ریٹ نہ ہونے پر فائنل کی دوسری ٹیم کا فیصلہ ٹاس پر ہوگا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کا ناقابل شکست رہنے کا سفر جاری ہے، قومی ٹیم نے سپر 4 مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو باآسانی شکست دے دی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایشیاء کپ ٹورنامنٹ 2023 کے سپر 4 مرحلے کے پہلے میچ میں میزبان پاکستان نے بنگلہ دیش کو باآسانی زیر کر لیا۔ پاکستان نے امام الحق اور محمد رضوان کے ذمے داران بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 194 رنز کا ہدف 40 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ دونوں بلے بازوں نے نصف سینچریاں اسکور کیں۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا تھا۔ سپر 4 مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو مہمان ٹیم کے لیے اچھا ثابت نہ ہوسکا۔ دوسرے اوور میں اوپنر مہدی حسن میراز بغیر کوئی رنز کیے نسیم شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے، لٹن داس 16 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے۔ حارث رؤف نے بنگلادیش کی تیسری وکٹ 45 رنز پر حاصل کی جب انہوں نے محمد نعیم کو 20 رنز پر آؤٹ کیا۔ حارث رؤف نے اپنے اگلے اوور میں توحید کو 2 رنز پر بولڈ کیا۔ بنگلادیش کو پانچواں نقصان کپتان شکیب الحسن کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 53 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔ شمیم حسین 16 رنزپر افتخار احمد کی گیند پرآؤٹ ہوئے جبکہ سیٹ بیٹر مشفیق الرحیم 64 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے، تسکین احمد بھی صفر پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ نسیم شاہ نے عاطف حسین کو 12 اور شریف السلام کو ایک رن پر پوویلین بھیجا۔ یوں بنگلادیش کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے 19رنزدے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نسیم شاہ نے 3 اور شاہین آفریدی، فہیم اشرف اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل بنگلادیشی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ کوشش ہوگی پاکستان کیخلاف اچھی کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ٹیم ایک تبدیلی کی گئی ہے لٹن داس کو نجم الحسن شانتو کی جگہ پلئینگ الیون کا حصہ تھے۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ حریف ٹیم کو کمزور نہیں سمجھتے، ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ محمد نواز کی جگہ فہیم اشرف کا اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔ پاکستانی سکواڈ میں کپتان بابراعظم، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، محمد رضوان، شاداب خان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔ بنگلادیش کا سکواڈ شکیب الحسن (کپتان)، محمد نعیم، تنزید حسن، لٹن داس، توحید ہردوئے، مشفق الرحیم، مہدی حسن، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، شرف الاسلام اور مستفیض الرحمان پر مشتمل تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close