“بھارت پاکستان آنے سے کیوں ڈرتا ہے؟” نجم سیٹھی جے شاہ پر برس پڑے

اسلام آباد (پی این آئی )سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کے میچز کے وینیو منتقلی کے معاملے پر سوال اٹھایا ہے کہ کیا بھارت شکست سے ڈرتا ہے؟ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اے سی سی کی طرف سے ایک گھنٹے کے اندر اپنا ارادہ بدل لیا گیا اور کولمبو میں میچ کروانے کا اعلان کیا گیا۔

نجم سیٹھی نے لکھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل نے پی سی بی کو آگاہ کیا تھا کہ بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر بھارت اور پاکستان کے درمیان اگلا میچ کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے یکطرفہ فیصلے کے بعد ایشیا کپ کے بقیہ میچز ہمبنٹوٹا کے بجائے کولمبو میں ہی کرانے کا کہا گیا ہے۔

یہ بھی ذہن میں رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 ستمبر کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، پاکستان اور سری لنکا کا میچ بھی واش آوٹ ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close