پالی کیلے (پی این آئی) پاکستانی فاسٹ باولرز نے ایشیاء کپ کی 38 سالہ تاریخ کا منفرد ترین اعزاز اپنے نام کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز سری لنکا کے پالی کیلے کرکٹ اسٹیڈم میں کھیلے گئے ایشیاء کپ کے میچ کے دوران بارش نے پاکستانی ٹیم کو بھارت کیخلاف فتح حاصل کرنے سے تو دور رکھا، تاہم اس میچ میں پاکستانی فاسٹ باولرز نے ایشیاء کپ کی 38 سالہ تاریخ کا شاندار ترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
38 سالوں کے دوران پہلی مرتبہ ایشیاء کپ کے کسی میچ کی ایک اننگ میں تمام 10 وکٹیں فاسٹ باولرز نے حاصل کیں، پالی کیلے میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث روف نے بھارتی ٹیم کے تمام 10 بلے بازوں کو آوٹ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان ایشیاء کپ 2023 کے سپر 4 مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی، پاک بھارت میچ بنا کسی نتیجے کے ختم کر دیے جانے کے باعث دونوں ٹیموں کو 1،1 پوائنٹ دے دیا گیا۔ گروپ مرحلے میں نیپال کو شکست دینے کے باعث پاکستانی ٹیم ناقابل شکست رہی۔ ہفتے کے روز پالی کیلے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی باولرز کے شاندار کم بیک کے باعث 50 اوورز مکمل ہونے سے قبل ہی پوری بھارتی ٹیم آوٹ ہو گئی، ایشیاء کپ کے تیسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 267 رنز کا ہدف دیا۔ کینڈی کے پالی کیلے سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما ٹیم کے مجموعی 15 اسکورز پر شاہین کی گیند کا شکار ہوئے، روہت نے 22 گیندوں پر 11 رنز بنائے۔ اس کے بعد شاہین نے کوہلی کو 4 رنز پر بولڈ کیا، حارث رؤف نے شریس ائیر کو 14 رنز پر آؤٹ کیا، شبمن گل اور ایشان کشن نے ٹیم کا سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 66 کے مجموعے پر شبمان گل کو حارث رؤف نے بولڈ کردیا، انہوں نے 10 رنز بنائے۔ 66 رنز کے مجموعی اسکور تک بھارت کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے تاہم بعد میں آنے والے ایشان اور پانڈیا کریز پر جم گئے اور اسکور کو کافی آگے لے گئے، ایشان کشان 82 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ہاردک پانڈیا 239 کے مجموعی اسکور پر 87 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 90 گیندوں کا سامنا کیا۔ رویندرا جدیجا 14 اور شردل ٹھاکر 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کلدیپ یادیو 4 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، حارث رؤف نے اور نسیم شاہ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ کینڈی کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ موسم سے فرق نہیں پڑتا کوشش ہوگی پاکستان کیخلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں۔ اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتے تاہم ٹاس ہمارے ہاتھ میں نہیں، کوشش ہوگی بھارت کو ابتداء سے ہی مشکل میں ڈالیں۔ پاکستان سکواڈ میں بابراعظم (کپتان) ، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، محمد رضوان، شاداب خان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔ بھارت کا سکواڈ روہت شرما (کپتان) ، شبمن گِل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، شیرس ایر، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، شاردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج پر مشتمل تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں