لاہور (پی این آئی ) اپنے پہلے اوور میں وکٹیں لینے کے لیے پہچانے جانے والے فاسٹ باولر شاہین آفریدی سے پریشان بھارتی میڈیا نے ان کیخلاف پروپیگنڈا شروع کر دیا۔ ایشیاء کپ 2023ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ کل بروز ہفتہ 2 ستمبر کو سری لنکا کے شہر کینڈی کے پالی کیلے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاک بھارت میچ سے قبل بھارتی میڈیا نے 23 سالہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس پر سوالات اٹھانے شروع کردیئے ہیں ، بھارتی میڈیا پروپیگنڈا کررہا ہے کہ شاہین آفریدی نیپال کے خلاف میچ کے دوران فٹنس مسائل سے دوچار ہوکر میدان سے باہر گئے، نیپال کے خلاف میچ میں میڈیکل سٹاف نے سپیل کے بعد باؤنڈری لائن پر شاہین آفریدی کی ٹریٹمنٹ کی۔بھارتی میڈیا نے شاہین آفریدی کے پاک بھارت ٹاکرے سے ممکنہ باہر ہونے کی صورت میں متبادل بولر کا نام بھی دیتے ہوئے کہا کہ وسیم جونئیر کو بھارت کے خلاف میچ میں شاہین کی جگہ کھلایا جائے گا۔بھارتی میڈیا کے اس پروپیگنڈے پر قومی ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی نے نیپال کے خلاف مکمل فٹنس کے ساتھ پانچ اوورز کیے، گرم موسم کی وجہ سے پیسر شرٹ تبدیل کرنے کے لیے میدان سے باہر گئے اور پھر واپس آ گئے تھے، شاہین آفریدی مکمل فٹ ہیں انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ نیپال کے خلاف میچ میں شاہین آفریدی صرف پانچ ہی اوورز کروا سکے تھے کیونکہ نیپال کی پوری ٹیم 23.4 اوورز میں آؤٹ ہو گئی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں