پاکستان کی جانب سے ایشیا کپ کا فاتحانہ آغاز، نیپال کو بڑے مارجن سے شکست دیدی

ملتان (پی این آئی) ایشیاء کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو 238 رنز سے شکست دیدی ہے۔ ملتان میں کھیلے جا رہے ایشیاء کپ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اوپنر فخر زمان ایک مرتبہ پھر کوئی خاطر خواہ رنز بنانے میں ناکام رہے وہ محض 14 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، امام الحق 5 ہی رنز بنا پائے اور رن آوٹ ہو گئے۔ محمد رضوان 44 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم نے ایشیاء کپ کے پہلے میچ میں نصف سنچری مکمل کی لیکن آغا سلمان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم اور افتخار احمد نے بہترین شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور آگے بڑھایا اور اس دوران کپتان نے اپنے ایک روزہ کیریئر کی 19 ویں سنچری مکمل کی۔ بابراعظم ایشیا کپ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے دوسرے بلے باز بن گئے، ان سے قبل 2012ء میں بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف 183 رنز بنائے تھے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے ون ڈے کیریئر میں دوسری مرتبہ 150 رنز کا سنگ میل عبور کیا اور ایشیاء کپ میں پاکستان کے لیے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ بابراعظم اور افتخار احمد نے 131 گیندوں پر 214 رنز کی شراکت قائم کی، جس میں بابراعظم کے 102 اور افتخار کے 109 رنز شامل تھے، یہ شراکت پانچویں وکٹ میں پاکستان کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ افتخار احمد نے 67 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی جو ایشیا کپ کی چوتھی تیز ترین سنچری ہے۔ بابراعظم آخری اوور میں 131 گیندوں پر 14 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 151 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر سومپل کامی کی گیند پر متبادل فیلڈر جورا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ شاداب خان ایک چوکا لگانے کے بعد آخری گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 342 رنز بنائے۔

افتخار احمد 71 گیندوں پر 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیپال کی جانب سے سومپل کامی نے 2 وکٹیں لیں، کاران کے سی اور سندیپ لیمیچین نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ٹاس جیتنے کے بعد کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے ، کوشش ہوگی حریف ٹیم کے خلاف بڑا سکور بنائیں۔ اس موقع پر نیپالی ٹیم کے کپتان روہت پوڈیل نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے تاہم کوشش کریں گے، ابتداء میں پاکستانی ٹیم پر پریشر بڑھائیں اور جلد وکٹیں لیں۔ پاکستان کا سکواڈ بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، آغا سلمان، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ نیپال کے سکواڈ میں کپتان روہت پوڈیل، کشال بھرٹیل، آصف شیخ، عارف شیخ، کشال مالا، دیپیندر سنگھ ایری، گلشن جھا، سومپال کامی، کرن کے سی، سندیپ لامیچھانے اور للت راج بنشی شامل ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں