کولمبو(پی این آئی)پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دے دی۔سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی کپتان کا یہ فیصلہ راس نہ آیا اور پوری ٹیم47 اوور میں 201 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔202 رنز کے ہدف کے جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 59 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے اننگ کا آغاز کیا تو اوپنر فخر زمان چار گیندوں پر دو رنز بناکر پویلین لوٹے، فخر زمان کی وکٹ فضل الحق فاروقی نے حاصل کی، اس کے بعد کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے مجیب الرحمٰن کا شکار ہوئے۔رضوان نے 21، آغا سلمان نے7، اسامہ میر نے 2 اور شاہین آفریدی نے بھی 2 رنز بنائے۔ امام الحق نے کافی دیر تک مقابلہ کیا اور 61 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ شاداب خان 39 اور افتخار احمد 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، نسیم شاہ 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، محمد نبی اور راشد خان نے 2،2 اور رحمت شاہ اور فضل حق فاروقی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بلے باز پاکستانی بالرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور ان کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرگئیں۔افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے سب سے زیادہ 18 رنز بنائے، انہیں حارث رؤف نے اپنا شکار بنایا جب کہ عظمت اللہ عمر زئی 16 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ان دونوں کے علاوہ کوئی افغان بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔حارث رؤف کو شاندار بالنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا، انہوں نے 18 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں