پاکستان اور بھارت کا ورلڈکپ سیمی فائنل میں ٹاکرا ہوا تو میچ کہاں کھیلا جائیگا؟ فیصلہ ہوگیا

دبئی(پی این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی صورت میں میچ ممبئی کے بجائے کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تحفظات کو مدِنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کی شرط مان لی۔

پی سی بی نے ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل سے متعلق اپنے مطالبات منوا لیے۔آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق ورلڈکپ کے سیمی فائنل ممبئی اور کولکتہ میں کھیلے جائیں گے۔ ایسے میں اگر بھارتی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرتی ہے تو اس کا میچ ممبئی میں ہوگا جبکہ پاکستان کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کی صورت میں میچ کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔اسی طرح اگر ورلڈکپ 2023 کا سیمی فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پاتا ہے تو اس صورت میں سیمی فائنل کا میدان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں سجے گا۔خیال رہے کہ پی سی بی کی جانب سے ورلڈکپ 2023 کے میچز بھارتی شہر ممبئی میں کھیلے جانے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی ٹیم ممبئی سفر نہیں کرے گی، پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ممبئی محفوظ نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close