اسلام آباد(پی این آئی)ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان سے منتقل نہیں ہوگی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو واضح پیغام دیدیا۔
رواں سال پاکستان میں شیڈولڈ ایشیا کپ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان سےمنتقل نہیں ہوگی اور بھارت کے میچز کیلئے ہائبرڈ ماڈل کے علاوہ کوئی اور فارمولا قبول نہیں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دبئی میں ایشین اور انٹرنیشنل کرکٹ حکام سے ملاقات کے دوران ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی سے متعلق معاملات پر اہم بات چیت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت، پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو پاکستان بھی بھار ت میں ہونے والے آئی سی سی یا اے سی سی کے ایونٹس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایشیا کپ میں بھارت کے میچز کسی نیوٹرل وینیو اور باقی میچز پاکستان میں کرانے سے متعلق ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا تھا تاہم بھارت نے اس پر بھی سیاست شروع کردی لیکن پاکستان کا مؤقف تبدیل نہیں کراسکا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے مجوزہ ہائبرڈ ماڈل پر سری لنکا اور بنگلہ دیش سمیت بھارت نے اعتراضات اٹھائے کہ وہاں گرمی بہت ہوگی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ اعتراض تسلیم نہیں کیا تاہم ہر آپشن زیر غور ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں