پی سی بی کیخلاف لابنگ، سری لنکا اور بنگلادیش بھی بھارت کا ساتھ دینے کو تیار

نئی دہلی (پی این آئی)بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے خلاف ایشین کرکٹ کونسل میں لابنگ مکمل کرلی، نجی ٹی وی کے مطابق ایشیاکپ کے لیے پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کو ماننے کے لیے بی سی سی آئی تیار نہیں، سربراہ بی سی سی آئی جے شاہ پاکستان میں ایشیاکپ کا ایک بھی میچ کروانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کو مودی سرکار کی جانب سے پاکستان کے لیے سخت مؤقف اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشیاکپ میں پاکستان کے نہ کھیلنے کی دھمکی سے بھی جےشاہ کو کوئی فرق نہیں پڑےگا،پاکستان کی ایشیاکپ میں عدم شرکت پر متحدہ عرب امارات کو ٹورنامنٹ میں شامل کرلیاجائےگا۔جے شاہ نے ایشیا کپ کی انڈین براڈکاسٹنگ کمپنی کو چپ کروانے کا بھی منصوبہ تیار کرلیا ہے، جےشاہ کا ایشیا کپ میں پاکستان کی عدم شرکت سے انڈین براڈکاسٹنگ کمپنی کے مالی نقصان کا ازالہ بھارتی سیریز میں کرنےکا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ایشیاکپ کے لیے سری لنکا اور بنگلا دیش بھی جے شاہ کے مؤقف کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔

ایشیاکپ کی میزبانی کے لیے سری لنکا اور بنگلا دیش نے جے شاہ کو اپنی دستیابی سے آگاہ کردیا ہے۔دوسری جانب بھارت میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے معاملے پر بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے تحریری گارنٹی دی تو پاکستان ورلڈکپ کھیلنے بھارت آئے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پی سی بی بھارتی بورڈ کے اعلی عہدیدار جے شاہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں

شرکت کی تحریری گارنٹی مانگے گا۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی ورلڈکپ کیلئے ٹیم بھیجنے سے قبل تحریری گارنٹی لیں گے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے۔ادھر بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)کے سربراہ جے شاہ نے ایشیا کپ کیلئے ہائیبرڈ فارمولے کی تصدیق نہیں کی۔ نجم سیٹھی آئندہ ہفتے دبئی میں اے سی سی اور آئی سی سی عہدیداران سے ملاقات کریں گے

نجم سیٹھی یہ لابی بھی کریں گے کہ پاکستان بھارت میں ورلڈکپ اس وقت تک کھیلنے نہیں جائے گا جب تک آئی سی سی اور بھارتی بورڈ تحریری گارنٹی نہیں دیں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے ایشیا کپ کے پاکستان اور دبئی میں نہ ہونے کی صورت میں اس ایونٹ میں شرکت کے معاملے پر اپنی حکومت سے ایڈوائس مانگی ہے۔ چیئرمین نجم سیٹھی ایشیا کپ کیلیے ہائیبرڈ فارمولے کے علاوہ کوئی آپشن یا فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایشیا کپ کہیں اور منعقد کرنے کا فیصلہ ہوا تو پاکستان اس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ زور ڈالے گا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے تاخیر نہ کی جائے اور جلد وینیوز اور شیڈول کا اعلان کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close