لاہور (پی این آئی ) روایتی حریفوں کے درمیان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کا مقابلہ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاک بھارت ورلڈکپ مقابلے کیلئے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے۔
جس میں 1 لاکھ سے زائد شائقین کرکٹ لائیو میچ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے اختتام پر ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کرسکتی ہے۔ پاکستان اپنے ورلڈکپ کے میچز سکیورٹی وجوہات کی بناء پر چنئی اور بنگلورو میں کھیل سکتا ہے جبکہ کولکتہ کے مشہور ایڈن گارڈنز کو بھی پاکستان کے میچز کی میزبانی کا ممکنہ مقام سمجھا جارہا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے بارے میں قومی امنگوں کے مطابق دوٹوک مؤقف اپنائیں گے۔ قبل ازیں ایشیاکپ میں بھارتی بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے جس پر پاکستان نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہندوستان کی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرتی تو ورلڈکپ میں گرین شرٹس کی شرکت ممکن نہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستانی ٹیم کو سکیورٹی مسائل درپیش ہیں اس لیے اپنی ٹیم بھیجنے کیلئے حکومتی کلئیرنس کی ضرورت ہوگی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی میگا ایونٹس کا شیڈول ایک سال پہلے ہی جاری کردیا جاتا ہے، 2019ء میں انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے گزشتہ ورلڈکپ میچز کی تاریخوں اور وینیوز کا اعلان بھی 12 ماہ پہلے ہی کردیا گیا تھا مگر اس بار پیچیدہ صورتحال کی وجہ سے غیر معمولی تاخیر دیکھنے میں آرہی ہے۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں سال 2016ء میں بھارتی سرزمین پر آخری بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں