نئی دہلی (پی این آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں میچ کے دوران تلخ کلامی کرنے پر لکھنو سپر جائنٹس کے مینٹور اور سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر اور رائل چیلنجرز بنگلور کے ویرات کوہلی پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میچ آفیشلز کی جانب سے ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر پر میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جو آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ آئی پی ایل کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گمبھیر نے آئی پی ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.21 کے تحت لیول 2 کے جرم کا اعتراف کیا ہے، اس کے علاوہ ویرات کوہلی نے بھی اعتراف کیا اور جرمانہ قبول کرلیا۔واضح رہے کہ لکھنو کے بیٹر نوین الحق اور بنگلور کے فیلڈ رویرات کوہلی کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوئی تھی تاہم امپائر اور ساتھی بیٹر بیچ میں آگئے۔یہ لفظی جنگ یہاں ختم نہیں ہوئی بلکہ جیسے ہی رائل چیلنجرز بنگلور نے لکھنو کو شکست دی تو میچ کے آخر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے آپس میں ہاتھ ملانے کے دوران نوین الحق اور ویرات کوہلی کے درمیان ایک بار پھر تلخ کلامی دیکھنے کو ملی۔یہاں بھی بات ختم نہیں ہوئی، نوین الحق کے بعد لکھنو سپر جائنٹس کے مینٹور اور سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر بھی ویرات کوہلی سے الجھ بیٹھے۔
میچ ختم ہونے کے بعد لکھنو سپر جائنٹس کے بیٹر کائل میئرز کوہلی سے گفتگو کررہے تھے کہ گمبھیر نے اچانک انہیں پیچھے کھینچا اور کوہلی سے بات کرنے سے روک دیا۔ایسے میں بظاہر کوہلی کی جانب سے جملے کسے گئے تو گوتم گمبھیر بھی غصے میں آگئے اور ویرات کوہلی سے تلخ کلامی کرنے لگے، تاہم دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کروایا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں