پاکستان نے نیوزی لینڈ کو بآسانی شکست دیدی، اپنی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف حاصل کر لیا

راولپنڈی (پی این آئی پاکستان نے اپنی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف حاصل کر لیا، کیویز کو مسلسل دوسرے میچ میں شکست، فخر زمان کی شاندار سینچری کی بدولت قومی ٹیم میں 337 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 10 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کیوی کپتان ٹام لیتھم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان ٹیم نے شاہینوں کو جیت کیلئے 337 رنز کا ہدف دیا۔ نیوزی لینڈ کے بیٹرز ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک جانب وکٹیں بچانے میں کامیاب رہے تو دوسری جانب مسلسل رنز کی رفتار بڑھاتے رہے، کیوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے سب سے زیادہ 129 رنز بنائے جبکہ کپتان ٹام لیتھم 98 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں چیڈ بوز نے 51، وِل ینگ نے 19 جبکہ جیمز نیشام نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ جواب میں پاکستان نے پہاڑ جیسا ہدف بنا کسی مشکل کے باآسانی حاصل کر لیا۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے مسلسل دوسری سینچری اسکور کرتے ہوئے 180 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، بابر اعظم اور محمد رضوان بھی نصف سینچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ یوں پاکستان نے 337 رنز کا مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ یہ پاکستان کو ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں حاصل کردہ دوسرا بڑا ہدف تھا، اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ برس ساڑھے 300 رنز کا ہدف حاصل کر کے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں 2 صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کے بقیہ تینوں میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close