شاداب خان کی چھٹی، قومی ٹیم کا نیا نائب کپتان کون ہوگا؟ ممکنہ نام سامنے آگئے

لاہور (پی این آئی ) عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ہوم سیریز میں شاداب خان کی جگہ نائب کپتان کی دوڑ میں شامل ہیں۔ لاہور قلندرز کے کپتان، شاہین، محدود اوورز کے فارمیٹ میں بابر کے نائب کا عہدہ سنبھالنے کے لیے مذکورہ تینوں میں فیورٹ ہیں۔

قلندرز نے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز کی قیادت میں پی ایس ایل کے ٹائٹل بیک ٹو بیک جیتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق افغانستان سیریز میں آرام کے بعد بابر ایک بار پھر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز میں کپتانی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے بلایا جائے گا جس میں بابر سے مشاورت کے بعد ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سکواڈز کا انتخاب کیا جائے گا۔اجلاس 4 اپریل کو متوقع ہے اور اسی دن اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کے اعلیٰ حکام افغانستان سیریز میں اسٹینڈ ان کپتان شاداب کے فیصلے سے خوش نہیں تھے اور انہیں نیوزی لینڈ سیریز کے لیے آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسامہ میر کو سکواڈ میں لیگ اسپنر کے طور پر شاداب کی جگہ کیویز کے خلاف موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔

محمد رضوان کو ٹیسٹ ٹیم کی نائب کپتانی برقرار رکھنے کی امید ہے۔ محدود اوورز کی ٹیم کے لیے نائب کپتان کی تقرری کا حتمی فیصلہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کریں گے۔پی سی بی کے سربراہ سے منظوری کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم لاہور پہنچے گی اور 14 سے 17 اپریل تک تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی اس سے پہلے راولپنڈی جائے گی جہاں آخری دو ٹی ٹوئنٹی اور پہلا ون ڈے 20 سے 26 اپریل تک کھیلا جائے گا۔ اس دورے کا اختتام کراچی میں ہوگا، باقی چار ون ڈے 30 اپریل سے 7 مئی تک کھیلے جائیں گے۔

close