لاہور(پی این آئی)چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا ورک لوڈ مینجمنٹ بہت ضروری ہے، جو سینئرز بینچ پر ہیں انہیں بھی موقع ملنا چاہیے۔شاہد آفریدی نیشنل بینک کرکٹ ارینا پہنچے جہاں انہوں نے پاک نیوزی لینڈ سیریز کے کل سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی پچ کا معائنہ کیا۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم سلیکش کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا معلوم ہوا ہے کہ نسیم شاہ مکمل فٹ نہیں ہیں، میر حمزہ کو شاہین آفریدی کی جگہ ٹیم میں موقع دیا گیا ہے،
شاہنواز دھانی کو دو سال سے ساتھ لیکر چل رہے ہیں اسے کب موقع دیں گے۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کئی پلیئرز مسلسل کھیل رہے ہیں، کھلاڑیوں کا ورک لوڈ میجنمنٹ بھی ضروری ہے، جو سینئر کھلاڑی بینچ پر موجود ہیں انہیں بھی موقع ملنا چاہیے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے متعلق سوال پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا ہم نے کراچی کی وکٹ دیکھی ہے، ابھی سلیکشن کمیٹی بابر اعظم کے ساتھ مشاورت کرے گی، بابر اعظم جس طرح کا ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے ہم اسے اسی طرح کا بہترین کپتان بنانے کے لیے آئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں