شعیب ملک نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے متعلق واضح اعلان کر دیا

لاہور (پی این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ عمر کے بجائے کارکردگی دیکھنی چاہیے، میرا ابھی ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں شعیب ملک نے کہا کہ کبھی کسی کھلاڑی کی عمر کو جواز بنا کر اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، میں اپنی بات نہیں کر رہا لیکن اگر کسی نے اپنے ملک کیلیے طویل عرصے خدمات انجام دی ہوں،اسے بہت تجربہ ہو تو استفادہ کرنا چاہیے۔

 

 

 

اس سے بہت فائدہ ہوتا ہے، جب میں ٹیم میں آیا تو کئی لیجنڈز ساتھ موجود تھے، میں نے دنیا کے عظیم کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر کے بہت کچھ سیکھا، اپنی صلاحیت پر یقین ہونا چاہیے، مجھے ہمیشہ بڑے کھلاڑیوں نے خود پر یقین رکھنے کا ہی سبق سکھایا،اس سے آپ کو کبھی عدم تحفظ کا احساس نہیں ہوتا۔انھوں نے کہا کہ میں اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور ابھی ریٹائر ہونے کا بالکل بھی نہیں سوچ رہا، جب کبھی ایسا کوئی فیصلہ کیا تو سب کو پتا چل جائے گا،میرا فوکس صرف کھیل پر ہی ہے البتہ اہل خانہ کی مشاورت سے ملک سے دور ہونے والی لیگز میں شرکت کم کر دی، سری لنکا اور بنگلہ دیش جیسی لیگز میں حصہ لے رہا ہوں،پہلے میں ہر لیگ میں کھیل رہا تھا،اب ایسا نہیں،جب تک میں کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں کھیلتا رہوں گا، جب کبھی ایسا لگا کہ بوجھ بنتا جا رہا ہوں تو خوشی سے کھیل کو الوداع کہہ دوں گا، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لیگز سمیت ہر طرز پر لاگو ہوگا۔

close