ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، شاہین شاہ آفریدی بھارت کیخلاف اہم میچ کھیلیں گے یا نہیں؟ فیصلہ ہو گیا

لاہور (پی این آئی) شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ کھیلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ کی جانب سے قومی ٹیم کے فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے حوصلہ افزاء خبر سنائی گئی ہے۔ رمیز راجہ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی 110 فیصد فٹ ہیں، فاسٹ باولر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پریکٹس میچز اور بھارت کیخلاف میچ میں بھی حصہ لیں گے۔

 

 

دوسری جانب گزشتہ روز پاکستانی فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر جاری کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔شاہین شاہ آفریدی ان دنوں برطانیہ میں موجود ہیں اور ان کے ری ہیب پر کام جاری ہے۔ فاسٹ بولر نے اپنی تصویر کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ سے قبل حریفوں کیلئے طبل جنگ بجاتے ہوئے اہم پیغام بھی دے دیا۔انہوں نے لکھا کہ یہ طوفان سے قبل کی خاموشی ہے، اس پیغام کے ساتھ انہوں نے گیند اور بلے والا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ دوسری جانب پاکستانی شائقین کرکٹ کو شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے حوصلہ افزاء خبر سنائی گئی ہے، بتایا گیا ہے کہ فاسٹ باولر نے دوبارہ باولنگ کی پریکٹس بھی شروع کر دی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور کپتان کو امید ہے کہ فاسٹ بولر ورلڈ کپ سے پہلے فٹ ہو جائیں گے۔مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو شاہین شاہ آفریدی اور فخرزمان کے ری ہیب کی حوصلہ افزا رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ لندن میں شاہین آفریدی اور فخر زمان کے ہمراہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بولنگ کوچ عمر رشید موجود ہیں۔

 

 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز اب تک آن ٹریک ہیں، شاہین آفریدی ، فخر زمان اور عمر رشید شیڈول کے مطابق 15 اکتوبر کو برسبین پہنچیں گے۔ دونوں اہم قومی کرکٹرز کو برسبین، آسٹریلیا میں قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کو جوائن کر لیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں