میں صرف اسی شرط پر کھیلوں گا، شعیب ملک نے بابراعظم کو واضح کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)آل راؤنڈر شعیب ملک کو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر شائقین کرکٹ سمیت سابق کھلاڑی بھی مایوس نظر آرہے ہیں۔اب اس حوالے سے شعیب ملک کی ایک گفتگو سامنے آئی ہے، یوٹیوب چینل کرکٹ پاکستان کو دیے گئے انٹرویو میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ کپتان بابر اعظم سے بات ہوتی ہےَ

 

آخری ورلڈکپ میں بھی بابر اعظم نے مجھ سے پوچھا تھا کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں ؟ آپ ریٹائرمنٹ لینا چاہتے ہیں یا کھیلنا چاہتے ہیں۔شعیب ملک نے کہا کہ میں نے بابر کو واضح کیا تھاکہ کرکٹ کو دیے گئے اتنے سالوں بعد میں ضرور اتنا حقدار ہوں کہ مجھ سے پوچھا جائے کہ میں کیا چاہتا ہوں، میں نے بابر کو بھی بتایا تھا کہ جو چیزیں ماضی میں میرے ساتھ ہوئیں ان کو لے کر میں مزید نہیں کھیلنا چاہتا۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اپنی فٹنس یا کارکردگی سے متعلق بھی میں نے بابر کو واضح کیا تھا کہ آپ مجھے اور میرے کھیل کو جانتے ہو، میں ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا اگر آپ میرے ساتھ ڈیل کرتے ہو اورآپ مجھ سے چاہتے ہو کہ میں مزید کھیلوں تو میں ضرور کھیلوں گا، میں نے پاکستان کے لیے بہت سی چیزیں چھوڑی بھی ہیں اور پاکستان کے لیے ہمیشہ سے دستیاب رہا ہوں، اب بھی ہوں۔شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میں نے بابر کو کہا تھا کہ آپ مجھے بتاؤ گے، میں منتخب سیریز کھیلوں یا منتخب میچز کھیلوں، یہ ڈیل کسی اور کے بجائے آپ مجھ سے کرو۔

 

 

اگر آپ کو لگتا ہے کہ میں کھیل سکتا ہوں تو میں دستیاب ہوں جس پر بابر نے مجھ سے کہا کہ ٹھیک ہے اور بابر نے ہی مجھے بتایا، اس کے بعد مجھے بنگلا دیش سیریز کھیلنا ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ریسٹ کرنا ہے تاکہ دوسرے لڑکوں کو چیک کیا جاسکے اور بابر کی اسی چیز کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ اس نے مجھ سے بطور کپتان بات چیت کی اور یہی ہونا بھی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں