17سال بعد انگلش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان۔۔ پاکستان آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کیلئے بھی تیار

اسلام آباد(پی این آئی)انگلش کرکٹ ٹیم 17سال بعد پاکستان کے دورے پر ہے اور سات میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کھیلے گی ۔ انگلش کرکٹ ٹیم کا دورہ اس لحاظ سےبھی اہمیت کا حامل ہےکہ ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہو گا جو کہ آسٹریلیا میں کھیلا جائیگا۔پاکستان کیلئے ورلڈ چیمپئن ٹیم کا دورہ اس لیے بھی خاص ہے کہ اس سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل طور پربحال ہو جائیگی۔پہلے آسٹریلیا اور اب انگلینڈ ، امید ہے ہمارے ملک میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کا سلسلہ پھر باقاعدگی سے شروع ہوگا ۔

اس دورہ میں ویسے تو ہر پلیئر پر نظر ہو گی مگر پاکستانی شائقین کا اصل رومانس انگلش بلے باز ایلیکس ہیلز سے ہو گا کہ جن کے پی ایس ایل میں چوکوں اور چھکوں پر وہ خوب تالیاں بجاتے رہے ہیں ۔

جبکہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بلے باز ڈیوڈ میلان نے کہا ہے کہ پاکستانی ہمیشہ کھلے دل سے ہمارا استقبال کرتے ہیں، پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر خوش ہوں۔ ڈیوڈ میلان نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں پاکستان اچھی اور مضبوط ٹیم ہے جس کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، مجھے پی ایس ایل کھیلنے سے فائدہ ہوا جس کا تجربہ اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں، امید ہے پاکستان کے خلاف اچھی سیریز ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے میرے کیریئر میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے کیونکہ مجھے پی ایس ایل میں کھیل کر بہت تجربہ حاصل ہوا، سپرلیگ دوسری لیگز سے مختلف ہے۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوس بٹلر نے کل پریس کانفرنس کے دوران یہ وعدہ کیا کہ وہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے اپنی میچ فیس میں سے رقم عطیہ کریں گے۔جوز بٹلر نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انگش ٹیم کے ہمدردیاں پاکستان میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔

گزشتہ سال نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر تھی اور بہترین سیکیورٹی انتظامات تھے لیکن میچ سے عین قبل اچانک سیکیورٹی تھریٹ ملنے کا جواز بنا کر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے میچ منسوخ کرواد یا اور پھر دورہ بھی منسوخ کرواکے اسی روز واپس چلی گئی جس کے بعد انگلینڈ نے بھی سیکیورٹی کو جواز بنا کر پاکستان کا دورہ موخر کر دیا تھا۔اب انگلینڈ کرکٹ ٹیم ایک سال بعدپاکستان آئی اور اس موقع پر سیکیورٹی کے بہترین انتظامات ہیں۔ پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات دیکھ کر انگلینڈ کرکٹ ٹیم مطمئن ہے۔پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال سے نہ صرف پاکستان میں کرکٹ بحال ہو گی بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور اس کامیابی کاسہرا پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کو جاتا ہے جنہوں نے اپنی جانوںکے نذرانہ پیش کر کے ملک میں امن و امان کو بہتر بنایا اور امید کی جاتی ہے انگلش کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورے کےبعد پاکستان کو آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی بھی ملے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close