ایشیا کپ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا

لاہور (پی این آئی) ایشیاء کپ 2022ء کے فائنل میں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں تنزلی کے بعد چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ہے ۔ بابر اعظم الیون کو گزشتہ اتوار ایشیاء کپ کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف 23 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم دو درجے تنزلی کے بعد اب ٹی ٹونٹی رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ہے۔

 

 

نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بھارت 268 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہے ۔ 2010ء کی ٹی ٹونٹی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم 262 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے جب کہ 2009ء کی ٹی ٹونٹی چیمپئن پاکستان اور جنوبی افریقہ کے 258 ،258 پوائنٹس ہیں تاہم اعشاریائی برتری کے باعث پروٹیز ٹیم تیسری پوزیشن پر موجود ہے ۔نیوزی لینڈ 252 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا 250 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی ، 2012ء اور 2016ء کی ٹی ٹونٹی چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم 241 پوائنٹس کے ہمراہ ساتویں، 2014ء کی ٹی ٹونٹی چیمپئن سری لنکن ٹیم 237 پوائنٹس کے ہمراہ آٹھویں ، بنگلہ دیش کی ٹیم 223 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور افغانستان کرکٹ ٹیم 219 پوائنٹس کے ساتھ دسویں پوزیشن پر براجمان ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں