ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی، قومی ٹیم میں شامل تین کھلاڑیوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

لاہور (پی این آئی) ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست نے سلیکٹرز کو ایک امتحان میں ڈال دیا ہے اور وہ انگلینڈ سیریز، دورہ نیوزی لینڈ اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے دوبارہ انتخاب کے لیے دوبارہ مشاورت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ مین ان گرین تین دنوں میں دو بار سری لنکا سے ہارے اور بعض کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے کئی سوالات اٹھے ہیں۔

 

 

ذرائع کے مطابق آصف علی، فخر زمان اور خوشدل شاہ خطرے کی زد میں ہیں تاہم شان مسعود کی شاندار فارم کی وجہ سے ان کے سکواڈ میں شامل ہونے کے روشن امکانات ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل کر لیا تھا اور مجوزہ پروگرام کے مطابق قومی ٹیم کا اعلان منگل کو ہونا تھا لیکن سری لنکا کے خلاف دو میچوں میں شکست نے پورے پلان پر پانی پھیر دیا۔ملتان میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کے دوران چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اپنے ساتھی سلیکٹرز کے ساتھ بیٹھ کر فائنل میچ دیکھا اور فخر زمان، خوشدل شاہ، آصف علی سمیت بعض دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ محمد وسیم سلیکٹرز سے ابتدائی بات چیت کے بعد لاہور واپس آگئے ہیں۔ وہ کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ ٹیم میں ہونے والی تبدیلیوں پر ان سے مشاورت کی جا سکے۔لندن میں بحالی کے مراحل سے گزرنے والے شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس پر میڈیکل پینل سے بھی رپورٹ لی جائے گی۔ انہیں فٹنس سے مشروط نیوزی لینڈ اور ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔

 

انگلینڈ کی ٹیم سات ٹی ٹونٹی میچز کے لیے 15 ستمبر کو کراچی پہنچ رہی ہے جب کہ پی سی بی کو 15 ستمبر سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کا اعلان کرنا ہے۔ سلیکشن کمیٹی ایسے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتی ہے جو آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close