افغانستان بمقابلہ بھارت آخری میچ میں ویرات کوہلی کی شاندار سنچری، ٹیم کو فتح دلادی

دبئی(پی این آئی)متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے اپنے آخری میچ میں افغانستان کو باآسانی 101 رنز سے شکست دے دی۔بھارت کے 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 111رنز بناسکی۔ابراہیم زادران 64 رنز بناکر نمایاں رہے،اس کےعلاوہ راشد خان نے 15 اور مجیب الرحمان نے 18 رنز بنائے۔

 

بھارت کی جانب سے بھوونیشور کمار نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 4 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کیھلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 212 بنائے، ویرات کوہلی شاندار 122 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔یہ کوہلی کے کیریئر کی 71 ویں اور ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی پہلی سنچری ہے۔واضح رہے کہ کوہلی نے آخری بار 23 نومبر 2019 میں بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی تھی۔اس کے علاوہ کپتان کے ایل راہول 62 اور سوریا کمار یادیو 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔بھارت کے کپتان روہت شرما نے آج کا میچ نہیں کھیلا، ان کی جگہ نائب کپتان کے ایل راہول بھارتی ٹیم کی قیادت کی۔ٹاس کے موقع پر کے ایل راہول کا کہنا تھا کہ روہت آرام کے غرض سے آج کے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔بھارتی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان اور بھارت پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکے تھے۔آج بھارت کی جیت کے بعد دونوں ٹیموں کا ایشیا کپ کا سفر اختتام پزیر ہوگیا۔

 

 

گزشتہ روز پاکستان نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔گرین شرٹس کی جیت کے ساتھ سپر فور مرحلے میں اپنےدونوں میچز جیت کر 4 پوائنٹس حاصل کرنے والی سری لنکن ٹیم نے بھی فائنل میں جگہ بنالی۔بھارت اور افغانستان کو سپر فور مرحلے میں اپنے دنوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ستمبر کو ایشیا کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close